پٹنہ ، 22؍اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کے کئی علاقوں میں سیلاب جیسے حالات ہیں۔گنگا، سون، گنڈک سمیت کئی ندیوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے ۔پٹنہ کے نچلے علاقوں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔سیلاب کے حالات سے نمٹنے کے لیے صوبے کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اتوار کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔وزیراعلیٰ نے پٹنہ، بھوجپور، سارن، ویشالی، بیگوسرائے اور کھگڑیا جیسے اضلاع کا ہوائی سروے بھی کیا۔بکسر،سمستی پور، لکھی سرائے، مونگیر اور کٹیہار کے علاقوں میں بھی سیلاب جیسے حالات ہیں۔وزیراعلیٰ نے دریاکے کنارے کے علاقوں میں آباد لوگوں سے وہاں سے نکل کر راحتی کیمپوں میں پناہ لینے کی اپیل کی ہے۔فی الحال ریاست میں82ریلیف کیمپوں میں تقریباََ 15000لوگوں نے پناہ لے رکھی ہے۔چھتیس گڑھ کے بن ساگر ڈیم سے11.63لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے سیلاب جیسے حالات بنے ہیں ۔ حالانکہ فرکا بیراج کے تمام گیٹ کھولے جانے کے بعدجلد ہی پانی میں کمی کے آثار ہیں۔پٹنہ میں گنگا پورے شباب پر ہے ۔حالات کو دیکھتے ہوئے پٹنہ میں این ڈی آرایف کی پانچ ٹیمیں چنئی سے بلوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔گنگا ندی کی آبی سطح میں ہوئے اضافہ کی وجہ سے کئی اضلاع میں لوگ بے گھرہو گئے ہیں لیکن وزیراعلیٰ نتیش کمار نے مرکز سے راحت نہیں بلکہ ندیوں خاص طورپر گنگا کے پیٹ میں جمع ریت کے جمع ڈھیر کے مستقل حل کے لیے مرکز سے ایک ٹیم بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس درمیان گنگا کے پانی کی سطح میں جلد ہی کمی آنے کی امید ہے کیونکہ مغرب بنگال فرکا بیراج کے104گیٹ کھول دئیے گئے ہیں تاکہ پانی تیزی سے آگے نکل جائے۔